مصنّف: محمود میاں نجمی
صفحات: 128، قیمت: 400 روپے
ناشر: امتُل البشیر ایجوکیشنل سوسائٹی،کراچی۔
فون نمبر: 8275126 - 0315
جنگ، سنڈے میگزین کے قارئین محمود میاں نجمی کے نام و کام سے بخوبی واقف ہیں کہ وہ ایک عرصے سے مختلف دینی موضوعات پر قلم آرائی کر رہے ہیں۔اُن کے سیرتِ طیّبہؐ کے مختلف پہلوؤں، خلفائے راشدینؓ، اُمّہات المومنینؓ، سیرتِ صحابیاتؓ اور بناتِ طیباتؓ سمیت کئی عنوانات پر قسط وار مضامین نے مقبولیت و پسندیدگی کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں کہ جہاں رواں، عام فہم اور شیریں زبان قاری پر سحر طاری کردیتی ہے، وہیں اُن کی مدلّل و مستند حوالوں سے مزیّن تحریر علمی طور پر بھی بلند مقام کی حامل ہوتی ہے۔
گزشتہ دنوں تاریخِ مکّہ مکرّمہ پر اُن کا کئی اقساط پر مشتمل مضمون جنگ، سنڈے میگزین کی زینت بنا، جسے اب کتابی شکل بھی دی گئی ہے۔ربِّ کعبہ کے حضور میں، مکّہ مکرّمہ: ماضی و حال کے آئینے میں، فضائلِ مکّہ مکرّمہ، مکّہ مکرّمہ میں مستقل سکونت، قبیلہ جرہم کی آمد، خانۂ کعبہ کی تعمیرِ نو، مکّہ پر بنو جرہم کی حُکم رانی، بنو خزاعہ مکّہ کے نئے حُکم ران، قصی بن کلاب، ہاشم بن عبد مناف، عبدالمطلب بن ہاشم، حضرت عبداللہ بن عبدالمطلب، ظہورِ قدسیﷺ، شفیق چچا کی آغوشِ تربیت میں، مکّہ مکرّمہ میں آفتابِ اسلام کی پہلی کرن، دینِ حق کی خوش بُو یثرب کی فضاؤں میں، ہجرت کے بعد مکّہ مکرّمہ کے حالات، مکّہ مکرّمہ پر مسلمانوں کی حکومت، مکّہ مکرّمہ خلفائے راشدینؓ کے عہد میں، مکّہ مکرّمہ بنو امیّہ کے عہد میں، مکّہ مکرّمہ عباسی دورِ خلافت میں، سعودی دَور کا آغاز، سلطنتِ عثمانیہ کا عہدِ ثانی، آلِ سعود کا دوسرا دَور، مکّہ مکرّمہ کے مشاعرِ مقدّسہ، مکّہ کی تاریخی مساجد، مکّہ مکرّمہ کے چند تاریخی مقامات، مکّہ مکرّمہ کے مشہور پہاڑ اور مکّہ مکرّمہ کے کنویں جیسے عنوانات ہی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ فاضل مصنّف نے اِس بابرکت شہر کے تقریباً تمام ہی پہلوؤں کا احاطہ کیا ہے۔ ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اُنھوں نے مکّہ مکرّمہ کی قدیم تاریخ کے ساتھ حالیہ پیش رفت بھی پیشِ نظر رکھی ہے، جس سے قارئین کو جدید و قدیم تاریخی ادوار سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔