اسلام آباد میں گاڑیوں سے رینجرز اہلکاروں کے کچلے جانے کے واقعے پر ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کے بیانات سامنے آئے ہیں۔
جس میں رینجرز اہلکاروں نے بتایا ہے کہ دھرنے کے مقام سے ایک تیز رفتار گاڑی آئی، جس نے رینجرز اہلکاروں کو کچلا، رینجرز اہلکاروں کے مطابق گاڑی کی لائٹس بند تھیں جس نے رینجرز کے جوانوں کو سیدھا نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈا کرکے اس واقعے کے حقائق کو چھپانے کی مذموم کوشش کی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور رینجرز اہلکاروں کے بیان آنے کے بعد جھوٹ پھیلانے والے عناصر بے نقاب ہو گئے ہیں، واقعے میں ملوث شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جا ئے گی۔
سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کی تردید
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رینجرز اہلکاروں کے حادثے میں پارٹی کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا کوئی آدمی رینجرز اہلکاروں کے حادثے میں ملوث نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ افسوسناک ہے اس میں شامل افراد کو سزا ملنی چاہیے، یہ ہمارے بچے اور محافظ تھے ان کا احترام لازم ہے۔