عشرت فاطمہ، کراچی
یوں تو اس مرتبہ رمضان المبارک کے روزے کچھ ایسے ٹھنڈے میٹھے ہیں کہ کب سحری ہوتی ہے، کب افطار، بھوک، پیاس کا کچھ خاص احساس ہی نہیں ہوتا۔ پچھلے برسوں کے سخت روزوں کی طرح مشروبات کی زیادہ طلب بھی نہیں ہوتی، لیکن بہرحال ذیل میں ہم آپ کے لیے پانچ ایسے ذائقے دار مشروبات کی تراکیب پیش کر رہے ہیں، جو دن بھر کے روزے کے بعد آپ کو یک دَم تروتازہ اور متحرک کر دیں گے۔
اسٹرابیری ہنی سی
یہ گہری گلابی، خوش رنگ اور خوش ذائقہ اسموتھی اسٹرابیری کے موسم کے لیے بہترین ہے اور اسے بنانا بھی نہایت ہی آسان ہے۔ اس کے ٹھنڈے میٹھے اور مزےدار ذائقے کے لیے تازہ اسٹرابیریز، سوڈا واٹر، کریم اور کچھ اضافی اجزاء استعمال کیے جاتے ہیں۔ اگر آپ تازگی سے بھرپور ، کسی صحت بخش مشروب کے خواہش مند ہیں تو یہ خاص آپ ہی کے لیے ہے۔
اجزا: اسٹرابیریزایک کپ، لیمن جوس چوتھائی کپ، سوڈا واٹر آدھا کپ، کریم آدھا کپ، شہد ایک کھانے کا چمچ، برف کے ٹکڑے حسبِ ضرورت۔
ترکیب: سب سے پہلے بلینڈر میں تازہ اسٹرابیریز، لیمن جوس، سوڈا واٹر ڈال کر انہیں اس وقت تک گرائنڈ کریں کہ آپس میں اچھی طرح مکس ہو جائیں، پھر کریم اور شہد ملائیں۔ اس کے بعد برف کے ٹکڑے ڈال کر یک جان ہونے تک تک گرائنڈ کرتے رہیں۔
تربوز کا شربت
بدن میں پانی کی کمی دُور کرکے راحت پہنچانے والا تربوز کا شربت موسمِ گرما کے لیے اکسیر ہے۔ یہ چوں کہ بانوے فی صد پانی پر مشتمل ہوتا ہے ،تو گرم موسم میں اس کا استعمال مکمل طور پر سیراب رکھنے میں بے حد مدد گار ثابت ہوگا۔
اجزا : تربوز کی دو پھانکیں، برف کے ٹکڑے سات سے آٹھ عدد، لیمن جوس ایک کھانے کا چمچ، لال شربت حسبِ ضرورت، پودینا سجاوٹ کے لیے۔
ترکیب: بلینڈر میں تربوز اور آئس کیوبز ڈال کر دونوں کو اچھی طرح بلینڈ کریں، پھر لیمن جوس ڈال کر بلینڈ کریں اور گلاسز میں نکال کر اوپر سے ڈال کر اوپر سے سرخ شربت ڈالیں اور پودینے سے سجا دیں۔
فورہیون موکٹیل
یہ ذائقے دار، مزے دار موکٹیل بنانے کے لیے چار مختلف موسمی پھلوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے، تو آپ اس موسمِ بہار میں انناس، انار،کینو یا موسمبی اور سیب کے امتزاج سے یہ مشروب بنا کے خوب لطف اندوز ہوں۔ یہ انتہائی ٹھنڈی تاثیر والا، صحت بخش اور تازہ دَم کردینے والا مشروب ہے۔ آپ سوڈا واٹر کو سافٹ ڈرنک کے ساتھ تبدیل کرکے اسے اپنے ذائقے اور پسند کے مطابق مزید میٹھا بھی بنا سکتے ہیں۔ اور ہاں ، لذّت میں اضافے کے لیے کچلی ہوئی برف شامل کرنا ہرگز نہ بھولیے گا۔
اجزا: کینو یا موسمبی ایک عدد،انار آدھاکپ، لیمن جوس دو کھانے کے چمچ، پائن ایپل جوس ایک کپ، سیب چھلے ہوئے دو عدد، سوڈا واٹر ایک کپ، آئس کیوبز حسبِ ضرورت۔
ترکیب: ایک بلینڈر میں کینو، انار ، سیب لیمن جوس ڈال کر اچھی طرح گرائنڈ کرلیں۔ پھر پائن ایپل جوس اور سوڈا واٹر بھی شامل کردیں۔ آئس کیوبز ڈال کر مزید بلینڈ کریں اور بلینڈڈ جوس کو چھان کر نکال لیں۔سرونگ کے لیے کاک ٹیل گلاسزاستعمال کریں۔
لیموں پانی
پودینے اور لیموں کا بہترین ذائقہ لیے ٹھنڈا میٹھا ، مزے دار لیموں پانی کسی نعمت سے کم نہیں۔ خصوصاً برصغیر میں تو لیموں پانی کو کلاسیکی مشروب کی حیثیت حاصل ہے۔ اسے معدے اور جگر کی گرمی کے خاتمے کے لیے بھی نوش کیا جاتا ہے۔ فرحت و تازگی کے فوری، سستے اور آسان حصول کے لیے اس سے بہتر کوئی نسخہ نہیں۔
اجزا: پودینا سات سے آٹھ پتّے، چینی کا شربت دو سے تین کھانے کے چمچ، لیموں کا رس دو سے تین کھانے کے چمچ، کالا نمک ایک چائے کا چمچ، آئس کیوبز حسبِ ضرورت، پانی حسبِ ضرورت۔
ترکیب: بلینڈر میں پودینےکے پتّے، چینی کا شربت، لیموں کا رس، کالا نمک، برف کے ٹکڑے اور پانی ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کریں اور مزے دار لیمونیڈ سے جی بھَر لُطف اندوز ہوں۔
چاکلیٹ پی نٹ بٹر اسموتھی
فٹنس کے شوقین افراد کے لیے کچھ خاص ہی اہمیت رکھنے والی یہ اسموتھی لاجواب ، بے مثال ہے۔ اگر آپ صحت و توانائی سے بھرپور آپشن کی طرف جانے کے لیے پروٹین شیک کا انتخاب کرنا چاہ رہے ہیں تو یہ مزے دار چاکلیٹ پی نٹ بٹر اسموتھی آپ ہی کے لیے ہے۔ کیلے اور دیگر غذائی اجزا سے بھرپور اسموتھی ضرور ٹرائی کریں۔ یہ ایک بہترین مشروب ہے، جو آپ کے جسم کو توانائی سے بَھر دے گا۔
اجزا: دو بڑے کیلے، دہی ایک کپ،پی نٹ بٹر دو کھانے کے چمچ، چاکلیٹ پاؤڈر دو کھانے کے چمچ، شہد دو کھانے کے چمچ، برف کی ٹکڑیاں چھے سے سات عدد۔
ترکیب: آئس کیوبز، کیلے، دہی، پی نٹ بٹر، چاکلیٹ پائوڈر اور شہد کو بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔ طاقت وَر ، توانائی سے بھرپور اسموتھی تیار ہے۔