گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ امبانی جیسی شادی پاکستان میں ہوتی تو پہلی مبارکباد نیب کی اور دوسری ایف بی آر کی آتی۔
کامران خان ٹیسوری نے بچت بازار کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کی جانب سے معاشی بحران میں اس طرح کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
گورنر سندھ نے کراچی پریس کلب کے سالانہ عشائیے میں بھی شرکت کی، اپنے خطاب میں بتایا کہ گورنر ہاؤس میں آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام عمل میں آچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر 100 منزلہ عمارتیں بنوائیں گے۔
کراچی کے بعد سندھ کے دیگر اضلاع میں آئی ٹی کورسز شروع کرنے جارہے ہیں، اندازاً 25 لاکھ بچے بچیاں آن لائن اور آن سائٹ کورسز کریں گے۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحت منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ خواہش ہے پاکستانی بزنس مین کمیونٹی کو بلیو بُک میں اعلیٰ درجہ ملے۔
گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی ملک کو معاشی بحران سے نکال سکتی ہے اس کیلئے انہیں اہمیت دینا ہوگی۔