• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

نت نئے پکوان سے افطار کا دسترخوان تو ہر کوئی سجاتا ہے، کیوں ناں آج سحری کے لیے کچھ خاص انتظام کیا جائے۔

یوں تو ماہ رمضان میں چاہے سحری کا دسترخوان ہو یا افطار کا گھر میں ہر ایک کی پسند کا خیال رکھنا اور کھانوں میں نت نئی تراکیب کو شامل کرنا ہماری روایات کا حصہ رہا ہے لیکن سحری کی اپنی ہی اہمیت ہوتی ہے۔

اگر سحری میں پیٹ بھر کے اور غذائیت سے بھرپور کھانا نہ کھایا جائے تو دن بھر کے طویل روزے کے دوران سستی اور کمزوری کا احساس ہوسکتا ہے۔ اس لیے ہم آج آپ کے لیے چٹ پٹی ’پٹیالہ چکن‘ کی مزیدار ریسیپی لے کر آئے ہیں۔

ذائقے دار اور چٹ پٹی ’پٹیالہ چکن‘ سے سحری کا دسترخوان سجائیں، ترکیب درج ذیل ہے۔

اجزاء:

چکن 700گرام، پیاز 2عدد، ٹماٹر 3عدد، دہی 1 کپ، نمک حسبِ ذائقہ، ہلدی 1 چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر 1 چائے کا چمچ، زیرہ پاؤڈر 1 چائے کا چمچ، کالی مرچ پاؤڈر ½ چائے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر 1 کھانے کا چمچ، کاجو پیسٹ 3 چائے کے چمچ، سبز شملہ مرچ 1 عدد، سبز مرچ 2 عدد، ادرک 4 کھانے کے چمچ، گرم مصالحہ ثابت 5 گرام، ثابت زیرہ ½ چائے کا چمچ، قصوری میتھی 1 چائے کا چمچ، ملک کریم 3 کھانے کے چمچ، تیل حسب ضرورت۔

ترکیب:

ایک باؤل میں چکن لیں اور اس میں زیرہ پاؤڈر ،لال مرچ پاؤڈر، نمک، ہلدی، دھنیا پاؤڈر، کالی مرچ پاؤڈر اور دہی ڈال کر مکس کر لیں اور 30 منٹ تک فریج میں رکھ دیں۔

اب ایک دیگچی لیں اور اس میں کوکنگ آئل ڈال کر اس میں پیاز اور زیرہ ڈال کر براؤن کرلیں۔

اب اس میں چوپ لہسن، ادرک، ثابت گرم مصالحہ اور ٹماٹر ڈال کر پانچ منٹ تک پکائیں اور اس میں کاجو ڈال کر مزید دو منٹ تک پکا لیں۔

اب اس میں میرینیٹ کیا ہوا چکن ڈال کر مکس کرلیں اور دس منٹ تک ڈھک کر پکالیں۔

اب ڈھکنا اُتار کر اس میں کریم ڈال کر مکس کرلیں۔ اب اس میں شملہ مرچ، پیاز، سبز مرچ اور میتھی ڈال کر مکس کرلیں۔

آپ کا مزیدار پٹیالہ چکن تیار ہے۔

مزید لذیذ پکوان تیار کرنے کے لیے اس لنک پر کلک کریں (https://ramadan.geo.tv/category/recipes)، آپ مزے دار پکوانوں کی تراکیب سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

خاص رپورٹ سے مزید