اسلام آباد (محمد صالح ظافر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین جب پارلیمنٹ سے روانہ ہوئے تو ’’جنگ‘‘ نے ان سے استفسار کیا کہ وہ اتنے دنوں سے خاموش تھے یا کسی کے کہنے پر چپ تھے بلاول بھٹو زرداری یہ کہتے ہوئے اپنی گاڑی میں سوار ہوگئے کہ یہ کس کی مجال ہے کہ مجھے خاموش کرادے۔
معلوم ہوا ہے کہ بلاول چند دنوں کیلئے دبئی جائیں گے اور آئندہ ہفتے کے بعد بھرپور سیاسی سرگرمیوں میں مشغول ہوجائیں گے.
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جو لندن میں طویل قیام کے بعد منگل کو قومی اسمبلی ہال میں سینیٹ کے انتخاب میں ووٹ ڈالنے آئے تو وہ بہت تازہ دم دکھائی دے رہے تھے.
انہوں نے نیلے رنگ کا کوٹ اور جاگر پہن رکھے تھے انکے ہال میں داخلے پر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان نے ڈیسک بجائے اوراحتراماً کھڑے ہوگئے بلاول نے فرداً فرداً تمام ارکان سے ہاتھ ملایا قومی اسمبلی ہال میں مسلم لیگ نون کے ارکان بھی موجود تھے جنہوں نے آگے بڑھ کر ہاتھ ملایا ان کا خیرمقدم کرنے والوں میں مسلم لیگ نون کی خواتین بھی شامل تھیں.
ایوان کے وسط میں بلاول زرداری کھڑے تھے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے آگے بڑھ کر ان سے مصافحہ کیا اور خوشگوار لہجے میں مختلف گفتگو کی عطاتارڑ انکے مقابلے میں لاہور سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔