• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: سورج گرہن کا تاریخی منظر عوام الناس نے براہ راست دیکھا


امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں سورج گرہن کا تاریخی منظر عوام الناس اور اسکول کے بچوں نے براہ راست دیکھا۔

ڈیلس میں کاٹن بال اسٹیڈیم میں مقامی تنظیموں کے تعاون سے سورج گرہن کو براہ راست دیکھنے کے منظر کو ناقابل فراموش بنانے کے لیے صبح سے انتظامات کیے گئے تھے۔

اس موقع پر اسکول کے بچوں اور عوام الناس کو خلاؤں ستاروں اور سیاروں پر مشتمل گیتوں اور نغموں سے بھی محظوظ کیا گیا جبکہ مختلف تنظیموں کی جانب سے اسٹالز بھی لگائے گئے۔

اسکول آنے والے طلباء اور طالبات کا کہنا تھا کہ سورج گرہن کو دیکھنا ایک تاریخی منظر ہے جو کہ ان کو پوری عمر یاد رہے گا سورج گرہن کے منظر کو ایک ساتھ دیکھنے سے پہلے یہاں پلانٹری سائنس اور ماہرین فلکیات سمیت کئی مقررین نے خلائی سائنس اور موسم پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

صبح 11 بج کر سات منٹ پر جیسے ہی چاند سورج اور زمین کے درمیان حائل ہونے لگا تو آہستہ آہستہ زمین پر روشنی آنا بند ہو گئی اور کچھ ہی دیر میں تمام ماحول کو تاریکی نے گھیر لیا، اسکول کے بچے شور مچاتے ہوئے اس لمحے سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

واضح رہے کہ یہ سورج گرہن یورپ کے مغربی حصوں امریکا، کینیڈا، میکسیکو میں براہ راست عوام نے دیکھا، اس طرح دنیا کے جزوی حصوں میں مکمل اندھیرا چھا گیا۔

سورج گرہن کے مناظر کو براہ راست دیکھنے کے لیے آنے والے عوام الناس کا کہنا تھا کہ وہ اس لمحے سے بھرپور طریقے لطف اندوز ہوئے ہیں جبکہ آنے والے کئی مسلمان ناظرین نے اس موقع پر نماز کسوف ادا کی اور اللّٰہ سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کی۔

عوام الناس کا کہنا تھا کہ یہ منظر ان کی زندگی کا یادگار لمحہ ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید