اسلام آباد (ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرینگے، صحیح معنوں میں بچوں اور بچیوں کو تعلیم سے آراستہ کرینگے، 2کروڑ 60لاکھ بچے اور بچیاں اسکول سے باہر ہیں، اس سے بڑی مجرمانہ غفلت نہیں ہوسکتی،یہ ایک لمحہ فکریہ ہے، ہم اس کیلئے نئے ایونٹ کا انعقاد کرینگے، ہم تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرینگے، صحیح معنوں میں بچوں اور بچیوں کو تعلیم سے آرستہ کرینگے۔ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے دانش اسکول سائٹ کے معائنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میرے لیے بہت خوشی کا دن ہے، نوازشریف کی لیڈر شپ میں دانش اسکول کا آغاز کیا، ایسے بچے جن کے والدین دنیا سے رخصت ہوگئے دانش اسکول ان کا سہارا بنا۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں بچوں اور بچیوں کے ماں باپ کے پاس تعلیم کیلئے وسائل نہیں تھے، آج ان ہی دانش اسکول کے چشم و چراغ دنیا میں اپنی قابلیت کا اثر قائم کررہے ہیں۔