مصنّف: شاہد راحیل خان
صفحات: 152، قیمت: 700روپے
ناشر: گردو پیش پبلی کیشنز، ملتان۔
فون نمبر: 6780423 - 0318
ہر زمانے کا ملتان، اُس عہد کی شخصیات، تہذیب اور ثقافت کے حوالے سے اپنی ایک الگ شناخت رکھتا ہے کہ ملتان کو ہر دَور میں محفوظ کیا گیا۔ ہمیں یہاں کے مؤرخین میں علّامہ عتیق فکری، منشی عبدالرحمٰن، فاروق انصاری، ڈاکٹر انوار احمد، داؤد طاہر، حفیظ خان اور شاکر حسین شاکر نمایاں نظر آتے ہیں اور زیرِ نظر کتاب لکھ کر شاہد راحیل خان بھی ملتان کے مؤرخین میں شامل ہوگئے ہیں۔ شاہد راحیل خان کی شخصیت کے کئی حوالے ہیں اور ہر حوالہ معتبر ہے۔
کالم نویس، فیچر رائٹر، سفر نامہ نگار، افسانہ نگار اور شاعر۔ بقول رضی الدّین رضی’’ ملتان کے حوالے سے یوں تو بہت کتابیں لکھی گئی ہیں، لیکن اِس کتاب میں ہمیں1954ء کے بعد کے ملتان کی کہانیاں بہت تفصیل کے سے پڑھنے کو ملتی ہیں۔ یہ کتاب ملتان کی تاریخ ہی نہیں، یہاں کی سیاسی، سماجی اور معاشرتی زندگی کے حوالے سے بھی ایک دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے۔‘‘ ملتان کے بازار، گلیاں، محلّے، سڑکیں، کُوچے، تفریح گاہیں، مساجد، مزارات اور مقبرے، سب ہی اِس کتاب میں موجود ہیں۔مطلب ملتان پر کام کرنے والوں کے لیے یہ کتاب ایک نایاب تحفہ ہے۔نیز، مصنّف کا اندازِ تحریر بھی بہت دل نشین ہے۔