• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 سیریز، نوجوانوں کو آزمانے کی خواہش پر پانی پھرنے کا خدشہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) راولپنڈی اور اسلام آباد بارشوں کی زد میں ہیں۔ پاکستان کا سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف نوجوانوں کو آزمانے کی خواہش پر پانی پھرنے کا خدشہ ہے۔ پیر کو مسلسل بارش کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا۔ کھلاڑی ہوٹل تک محدود رہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے اسلام آباد پہنچنے کے بعد پیر کو مسلسل دوسرے دن آرام کیا البتہ موسم بہتر ہونے کی صورت میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں منگل کو پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی۔ مہمان کھلاڑی موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے اور جم ٹریننگ سے بھی گریز کیا۔ البتہ ٹیم میٹنگ میں نیوزی لینڈ نے سیریز کیلئے حکمت عملی بنائی ۔ پاکستان کے جانب سے سیریز میں کئی سینئرز کو آرام دے کر نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو دو سے تین میچوں میں آرام دینے کی تجویز ہے تاکہ وہ ورلڈ کپ سے قبل مکمل فٹ ہوسکیں۔ سینئر کوچ منیجر وہاب ریاض ٹیم منیجمنٹ کے ساتھ مل کرروٹیشن پالیسی پر عمل درآمد کرائیں گے۔ ہیڈ کوچ اظہر محمود نے ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔ دو سلیکٹر وہاب ریاض اور محمد یوسف ٹیم انتظامیہ کا حصہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق کاکول میں ٹریننگ کیمپ کے بعد شاہین آفریدی بولنگ ردھم حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں یہی وجہ ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی نیوزی لینڈ کےخلاف ابتدائی ٹی 20 میں آرام کریں گے، شاہین خود بھی آرام کرکے ورلڈ کپ سے قبل تازہ دم ہونا چاہتے ہیں۔ محمد عامر، نسیم شاہ، زمان خان اور عباس آفریدی کو موقع دیا جائے گا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں رواں ہفتے بھی بارشیں متوقع ہیں جس کے باعث ٹی ٹوئنٹی میچز متاثر ہونےکا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سیریز کے تینوں میچوں کے روز بارش کا امکان ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 18، 20، 21 اپریل کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم میں اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکل صورتحال کا سامنا ہے لیکن ہم جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ پاکستان کی ٹیم ہمیشہ خطرناک رہی ہے اور ہوم گراؤنڈ پر اس کو ہرانا کسی چیلنج سے کم نہیں تاہم ہم تگڑے مقابلے کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ سیریز کے لیے جو 15 رکنی کیوی اسکواڈ مچل بریسول کی قیادت میں پاکستان آیا ہے ان میں سے 10 کھلاڑی ناتجربہ کار ہیں اور ان کا مجموعی تجربہ صرف 53 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا ہے جب کہ خود بریسویل نے گزشتہ 14 ماہ سے کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ بھی نہیں کھیلا ہے۔ ٹرینٹ بولٹ، ڈیون کانوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری، ڈیرل مچل، گلین فلپس، راچن رویندرا، مچ سینٹنر اور کین ولیمسن آئی پی ایل کی وجہ سے سیریز نہیں کھیل رہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کاؤنٹی کھیلنے کی وجہ سے ول ینگ اور گھریلو مصروفیات کی باعث ٹام لیتھم بھی دستیاب نہیں ہو پائیں گے جب کہ ٹم ساؤتھی کو ورک لوڈ منیجمنٹ کے تحت آرام دیا گیا ہے۔