کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ غیر ملکی کوچز لانے کا مقصد ٹیم کو بہترین چیزیں مہیا کرنا ہے، کرکٹ بورڈ کا کام پیسے اکھٹا کرنا نہیں بلکہ پیسے کو ٹیم پر خرچ کرنا ہے۔ ویمن کرکٹ کیلئے بھی کوچ لے کر آرہے ہیں ، سلیکشن کمیٹی ان کی کارکردگی سے جڑی ہوئی ہے، ویمنز کرکٹ بھی مردوں جتنی اہم ہے۔ اتوار کو پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ گراؤنڈز کے اپ گریڈیشن کا کام شروع کیا ہوا ہے، لاہور کا قذافی اسٹیڈیم اچھا ہے لیکن اس کا ویو کرکٹ والا نہیں ہے، ہمیں سہولیات بہترکرنی ہیں، کراچی اسٹیڈیم کا حال بہت برا ہے، 4،5 ماہ میں گراؤنڈز کو اپ گریڈ کرنا ہے۔ احسان اللہ کے بارے میں شکایت آئی کہ ان کی پی سی بی کی طرف سے ٹریٹمنٹ صحیح نہیں ہوئی ،ذمہ داروں کے تعین کیلئے بورڈ بنایا ہے، منگل یا بدھ تک انشااللہ میڈیکل رپورٹ آ جائے گی، جس کے بعد ایکشن لیا جائے گا۔ ڈومیسٹک میں 9 ہزارسے زائد میچز شروع ہوچکے ہیں اور ویمن کرکٹ کیلئے بھی ہم کالجز میں جارہے ہیں۔ ہفتے کوبلوچستان میں قلات کرکٹ گراؤنڈ میں آندھی سے دیوار گری جس سے چند بچے زخمی ہوگئے، تین کی حالت تشویشناک ہے، ان بچوں کا علاج ہم کروائیں گے۔