• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں کا احتجاج، بدترین ٹریفک جام، گاڑیوں پر پتھراؤ

کراچی( اسٹاف رپورٹر )پرانی سبزی منڈی عسکری پارک کے قریب علاقہ مکینوں کی جانب سے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کے باعث بدترین ٹریفک جام ہو گیا اور جیل روڈ سے پرانی سبزی منڈی جانے اور آنے والا روڈ بند ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،پولیس کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی گئی تاہم مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک بجلی نہیں آئے گی وہ احتجاج جاری رکھیں گے،مظاہرین نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی ہم نے احتجاج کیا تھا لیکن پولیس کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا تھا،احتجاجی مظاہرین کی جانب سے گاڑیوں پر پتھراؤ بھی کیا گیا،احتجاج کے باعث گرمی اور حبس میں ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا،ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو نیو ٹاؤن سے اسٹیڈيم کی طرف جبکہ حسن اسکوائر سے آنے والی ٹریفک کو ناظم اعلیٰ کٹ سے یو ٹرن کروا کر واپس بھیجا گیا،پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والا احتجاج بعد ازاں علاقے میں بجلی بحال ہونے کے بعد ختم کیا گیا۔