• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرین پارٹی سے اختلافات، دو جونیئر وزرا بھی فارغ، سکاٹش پارلیمنٹ میں حمزہ یوسف کو تحریک عدم اعتماد کا سامنا

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) سکاٹ لینڈ کی حکومت کے سربراہ حمزہ یوسف نے گرین پارٹی کے ساتھ شراکت اقتدار کا معاہدہ منسوخ کرتے ہوئے اس کے دونوں جونیئر وزرا کو بھی فارغ کر دیا ہے۔ اب حمزہ یوسف کو سکاٹش پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد کا سامنا ہے جس پر اگلے ہفتے ووٹنگ متوقع ہے۔ اس وقت سکاٹش پارلیمنٹ کے 129 ممبران میں سکاٹش نیشنل پارٹی کے پاس 63 جبکہ لیبر، کنزرویٹو، گرین اور لبرل ڈیموکریٹ کے پاس 64 ووٹ ہیں۔ ایسی صورتحال میں ممبر سکاٹش پارلیمنٹ ایش ریگن کا ووٹ انتہائی اہمیت اختیار کر جاتا ہے اگر وہ اپوزیشن کا ساتھ دیتی ہیں تو حمزہ یوسف کو 63 کے مقابلے میں 65 ووٹوں سے شکست ہوگی جب کہ سکاٹش نیشنل پارٹی کا ساتھ دینے کی صورت میں اپوزیشن اور حکمران پارٹی کو برابر 64 کے مقابلے میں 64 ووٹ ملیں گے اور یوں اسپیکر کا ووٹ فیصلہ کن کردار ادا کرے گا جو کہ حمزہ یوسف کو ملنے کی توقع ہے۔ حمزہ یوسف ایک اقلیتی حکومت بنانا چاہتے ہیں اور گرین پارٹی کی پابندیوں سے الگ ہوکر اپنے پارٹی منشور کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں ۔ اگر حمزہ یوسف اعتماد کا ووٹ حاصل نہیں کر پاتے اور وہ استعفیٰ دینے کا پروگرام بناتے ہیں جو کہ ان کے لئے ضروری نہیں لیکن ایسی صورت میں حکومت کا نظام چلانے میں دشواریاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ استعفیٰ کی صورت میں پارلیمنٹ کے لئے لازم ہوگا کہ وہ 28 دن کے اندر اندر نیا فسٹ منسٹر منتخب کرے۔ حمزہ یوسف کا کہنا ہے کہ وہ استعفیٰ دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے، انہیں اپنی جیت کا یقین ہے۔ وہ آئندہ جنرل الیکشن اور 2026 میں سکاٹش پارلیمنٹ کے الیکشن میں پارٹی کی قیادت کریں گے۔

یورپ سے سے مزید