• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 مئی دہشت گردی کے ذمے داروں کو سزا کیوں نہیں ہوئی، عطا تارڑ کا سوال


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کو سیاسی دہشت گردی میں لاہور کا جناح ہاؤس جلایا گیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللّٰہ تارڑ نے استفسار کیا کہ عدلیہ نے 9 مئی واقعات کے ذمے داروں کو اب تک سزا کیوں نہیں سنائی؟

انہوں نے کہا کہ جو کام دشمن نہ کر سکا، وہ 9 مئی کو انہوں نے کردیا۔ شہدا کے مجسموں کو آگ لگائی، ان کی یادگاروں کو اینٹیں ماریں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات بھولنے نہیں دیں گے۔ ایک دہشت گردی میں زیارت میں قائد اعظم ریزیڈنسی جلائی گئی، سیاسی دہشت گردی میں لاہور کا جناح ہاؤس جلایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو لاشیں چاہئیں تھیں اس لیے پوچھتے ہیں کہ ہمیں روکا کیوں نہیں۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ کیپیٹل ہل پر حملہ کرنے والوں کو بھی سزا ہوئی، عدلیہ سے گزارش ہے کہ 9 مئی کے کیس بھی منطقی انجام تک پہنچنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پوچھتے ہیں کہ روکا کیوں نہیں؟ آپ چاہتے تھے لاشیں گریں، آپ نوجوانوں کی لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے تھے اس لیے نہیں روکا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ 9 مئی دوبارہ نہیں ہونے دیں گے، گھناؤنی سازش کرنے والوں کے چہرے بے نقاب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی ہماری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، ان لوگوں کو کیا سزا دی گئی اور کیا ایکشن لیا گیا، اس پر بھی بات ہونی چاہیے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ 9 مئی سے متعلق ہمارا نعرہ ہے کہ بےحرمتی ان کی گوارہ نہیں، ہونے دیں گے اب یہ دوبارہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن جانتا ہے کہ پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے، ہیلی کاپٹر کریش پر آپ نے مہم چلائی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کل 9 مئی کے دلخراش واقعات کو ایک سال مکمل ہوجائے گا، گزشتہ برس کے واقعات پاکستان کو کمزور کرنے کےلیے کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث لوگوں کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، قوم کو یاد دلائیں گے کہ یہ کون لوگ تھے جو اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوئے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت نے کبھی ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی، انتشار پسند ٹولہ سیاسی مفاد کی خاطر اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بہادری کی گواہی دشمن نے بھی دی۔ 9 مئی والوں نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مجسمے کو بھی آگ لگادی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میانوالی میں جہاز کا ماڈل جلایا گیا ایم ایم عالم کا ریکارڈ دنیا جانتی ہے، انتشار پسند ٹولے نے سیاسی مقاصد کی خاطر شہدا کی یادگاروں کو گرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد احتجاج نہیں ملک میں انتشار اور فتنہ پھیلانا تھا، بانی پی ٹی آئی کے بھانجے کہہ رہے ہیں باہر نکلو ہم آگئے ہیں، ایک خاتون وڈیو میں کہہ رہی ہیں خان نہیں تو پاکستان نہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ آپ نے اختلاف نہیں کیا، آپ نے ملک دشمنی کی ہے، گھناؤنی سازش کرنے والوں کے چہرے بےنقاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کل وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس بلایا گیا ہے، جس سے وزیراعظم خطاب کریں گے۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی، آئی پی پی، نیشنل پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور مسلم لیگ (ق) کے ساتھی بھی شرکت کریں گے، وزیراعظم کنونشن سینٹر میں تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید