• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں خوف اور سیاسی بےیقینی کی فضا ہے، شبلی فراز

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں موجود گھٹن نے عوام کو ذہنی طور پر مفلوج کردیا ہے۔

اسلام آباد میں تحفظ آئین پاکستان کیسے اور کیوں؟ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں خوف اور سیاسی بے یقینی کی فضا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کی جس انداز میں تذلیل کی جارہی ہے، اس انداز کو آگے نہیں بڑھا جاسکتا۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ ہمارے بڑوں کی زندگیاں قانون اور آئین کی بالادستی کےلیے گزر گئیں، ملک کا مستقبل آئین و قانون کی بالادستی سے ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئین بھی خاص لوگوں کے فائدے کےلیے استعمال ہوتا رہا ہے، ریاست کی ساکھ اور آئین کی بالادستی کےلیے تحریک شروع کی جا رہی ہے۔

شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ اسمبلیاں توڑیں تو 90 دن میں انتخابات ہونے تھے، ہم نے آئین کے مطابق اسمبلیوں کو تحلیل کیا تھا لیکن غیر آئینی طور پر نگران سیٹ اپ کا وقت بڑھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ قانون و آئین کی بالادستی اور مینڈیٹ کو تسلیم کیا جانا چاہیے، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم اور نشستوں کو بحال کیا جائے۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ یہ مطالبہ آئین و قانون کے مطابق ہے اور قابل عمل ہے، اس تحریک کا جو مقصد ہے اس پر عمل درآمد کروانا ہے۔

قومی خبریں سے مزید