بھارت کے شہر پونے میں کمپنی کے ملازم نے نوکری چھوڑنے کے فوراً بعد ڈھول والوں کو آفس کے باہر بلا لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں سیلز ایسوسی ایٹ کے طور پر ایک کمپنی کے ملازم انیکیت نامی شخص نے آفس کے معاملات سے تنگ آکر نوکری چھوڑ دی۔
رپورٹس کے مطابق ایسا کرنے کے بعد انیکیت اور اس کے دوستوں نے موسیقاروں اور ڈھول والوں کو آفس بلا لیا اور اپنے منیجر کے باہر آنے کا انتظار کیا، منیجر کے باہر آنے پر انکیت نے منیجر سے ہاتھ ملایا اور کہا کہ معذرت سر بائے بائے، جس کے بعد اس نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، اس دوران منیجر انیکیت کو دیکھتا رہا۔
اس موقع پر منیجر تھوڑا تنگ اور پریشان ہوگیا اور اس نے اس سارے معاملے کی ویڈیو بنانے سے روکنے کی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تین سال بعد نوکری چھوڑنے والے انکیت کا کہنا ہے کہ اس کی تنخواہ میں اضافہ مونگ پھلی جتنا تھا اور اس کے باس بھی عزت نہیں کرتے تھے۔
انکیت کا کہنا ہے کہ اس کا تعلق متوسط طبقے سے ہے اور وہ کمپنی میں خود کو پھنسا ہوا سمجھتا تھا۔