ریاض(اے پی پی/جنگ نیوز)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو سخت مالیاتی نظم و ضبط یقینی بنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معاشی اصلاحات سے ہی میکرو اکنامک استحکام حاصل کر سکتا ہے۔اتوار کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں وزیر اعظم شہباز شریف سے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نےعالمی اقتصادی فورم کی سائیڈ لائینز پر اہم ملاقات کی جس میں نئے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو بتایا کہ ان کی حکومت پاکستان کی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔وزیر اعظم نے کرسٹالینا جارجیوا کا گزشتہ سال آئی ایم ایف سے 3 بلین امریکی ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ حاصل کرنے میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا آج اجلاس متوقع ہے جس میں ایس بی اے کے تحت 1.1 ارب امریکی ڈالرز کی حتمی قسط کا فیصلہ کیا جائے گا۔