پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ممکنہ کھلاڑیوں نے امریکی سفارتخانے میں امریکی سفیر کے ساتھ ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق امریکی ویزا کے اجرا کے لیے امریکی سفارتخانے میں کھلاڑیوں کی بائیو میٹرک مکمل کر لی گئی، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ممکنہ کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو یکم مئی تک پاسپورٹ واپس مل جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی کھلاڑیوں کے ساتھ امریکی سفارتخانے پہنچے جبکہ قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن محمد یوسف اور وہاب ریاض بھی امریکی سفارتخانے پہنچے۔
امریکی سفارتخانے میں قومی کھلاڑیوں نے کرکٹ ایکٹیویٹی میں بھی حصہ لیا، اسلام آباد میں بارش کے باعث کرکٹ ایکٹیویٹی آؤٹ ڈور سے انڈور منتقل کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان، عماد وسیم اور شاہین آفریدی نے امریکی سفیر کو بولنگ کروائی اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے امریکی سفیر کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرٹ پیش کی گئی۔
کھلاڑیوں نے امریکی سفیر اور امریکی سفارتخانے کے ملازمین کے ساتھ تصاویر بھی لیں جبکہ قومی کھلاڑیوں نے امریکی سفیر کے ساتھ لنچ بھی کیا۔
امریکی سفیر نے قومی کھلاڑیوں سے بیٹ پر آٹو گراف لیے، کپتان بابر اعظم دیگر ٹیم کے ہمراہ امریکی سفارتخانے نہیں آئے۔
پی سی بی نے امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 30 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ویزا کی درخواستیں دی تھیں۔