• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایبسلوٹلی ناٹ والے امریکا کے پاؤں میں پڑے ہیں، حنیف عباسی


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ امریکی غلامی نامنظور اور ایبسلوٹلی ناٹ کا نعرہ لگانے والے آج اقتدار کےلیے امریکا کے پاؤں پڑے ہوئے ہیں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کے اندر معاشی استحکام آیا ہے تو سول نافرمانی کی باتیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے سامنے مظاہرے کیے گئے۔ پاکستان واحد ملک ہے، جس کے اپنے لوگ بیرون ملک مظاہرے کر رہے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 1 سال میں 21 ارب 70 کروڑ ڈالر ترسیلات زر آئے ہیں، ساڑھے 7 ارب ڈالر سعودی عرب سے آئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ 950 ارب پہلی دفعہ سرپلس ہوا ہے۔ انٹرسٹ ریٹ 13 فیصد پر آیا ہے، ایکسپورٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور سرمایہ کاری بھی آئی ہے۔

حنیف عباسی نے یہ بھی کہا کہ آہستہ آہستہ پاکستان میں معاشی استحکام آیا ہے، پوری دنیا اب پاکستان پر اعتبار کر رہی ہے، معیشت جب ترقی کر رہی تھی کچھ لوگ پاکستان پر حملہ آور ہو رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک جماعت 3 مرتبہ وفاق پر حملہ آور ہوئی۔ کیا یہ خوشی کی بات ہے پاکستان پر کوئی پابندی لگے؟ پی ٹی آئی کے اوورسیز سوشل میڈیا اکاؤنٹ خوشیاں مناتے رہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ جو ایبسلوٹلی ناٹ کہتے تھے وہ آج ان کے پاؤں پڑے ہیں، آپ سفارتی تعلقات خراب کرنے کےلیے ٹوئٹر کا استعمال کرتے ہیں۔

ٓاُن کا کہنا تھا کہ فیک نیوز کے ذریعے انسانی حقوق کی تنظیموں کو رابطہ کیا جاتا ہے، ہم سب کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات رکھیں گے، پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید