پاکستان کے نوجوان اوپننگ بیٹر صائم ایوب آئی سی سی مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نامزد ہو گئے۔
صائم ایوب نے حال ہی میں دورۂ آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا میں عمدہ بیٹنگ کی ہے، مجموعی طور پر نوجوان بیٹر نے 9 ون ڈے میچز میں 3 سنچریز اور ایک نصف سنچری کے ساتھ 515 رنز بنائے ہیں۔
علاوہ ازیں انگلینڈ کے گس ایٹکنسن، سری لنکا کے کمیندو مینڈس اور ویسٹ انڈیز کے شمر جوزف کو بھی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
گس ایٹکنسن نے 11 میچز میں 52 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ کمیندو مینڈس نے 32 میچز میں 1451 رنز بنائے ہیں اور شمر جوزف نے 8 ٹیسٹ میچز میں 29 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
دوسری جانب آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے بھی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقا کی انیری ڈرکسن، اسکاٹ لینڈ کی سسکیا ہارلے، بھارت کی شریانکا پٹیل اور آئرلینڈ کی فریا سارجنٹ کو بھی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
سال 2024ء میں مختلف کیٹیگریز میں بہترین پرفارمرز کو ایوارڈز دیے جائیں گے، اس حوالے سے نامزدگیوں کے اعلان کا سلسلہ 30 دسمبر تک جاری رہے گا۔
ایوارڈز حاصل کرنے والوں کے ناموں کا اعلان جنوری کے آخر میں کیا جائے گا، 12 کیٹیگریز میں بہترین پرفارمرز کو آئی سی سی ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔