• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایسٹ میں ایک ہفتے کے دوران درجنوں میڈیکل اسٹوروں کو ڈرگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں جن میں مبینہ طور پر قوانین اور ضابطوں کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق 100کے قریب ڈرگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں تاہم جاری لائسنسوںکے درست اعداد چھپانے کے لئے مبینہ طور پر تمام لائسنسوں کا اندارج رجسٹر میں نہیں کیا گیا۔ قوائد کے مطابق ڈرگ لائسنس جاری کرنے سے قبل ڈرگ انسپکٹر متعلقہ میڈیکل اسٹور کی انسپکشن کرتا ہے ، ادویات کوسورج کی روشی ،گندگی، دھول مٹی سے محفوظ رکھنے کے بندوبست کو دیکھتاہے ،ادویات کو مخصوص درجہ حرارت پر رکھنے کا انتظام (ریفریجریٹر) چیک کرتاہے ، اینٹی بائیوٹک ادویات کے اندراج کے رجسٹر یا کمپیوٹرائزڈ نظام کو دیکھتاہے ،ضرورت پڑنے پر ادویات کی ٹیسٹنگ کراتاہے، کوالیفائیڈ عملے اور فارماسسٹ کی حاضری چیک کرتاہے،صفائی ستھرائی کے انتظامات اوربجلی جانے کی صورت میں ادویات کو محفوظ رکھنے کےلئے مناسب بندوبست سمیت دیگر امور دیکھ کر رپورٹ جاری کرتا ہے، پھر فارماسسٹ کی ڈگری کی تصدیق فارمیسی کونسل سے کرائی جاتی ہے جس کے بعد ڈرگ لائسنس جاری کیا جاتا ہے ۔ اس طویل عمل میںکئی دن لگ سکتے ہیں لیکن ضلع شرقی میں ڈرگ انسپکٹر کی تعیناتی کے ایک ہفتے میں درجنوں میڈیکل اسٹور وں کےلائسنس کے اجراء نے شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایسٹ ڈاکٹر شکیل قریشی کا جنگ کے استفسار پر کا کہنا تھا کہ انہیں اصل تعداد معلوم نہیں لیکن ایک ہفتے کے دوران 100سے کم لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔ ڈرگ انسپکٹر غلام علی لاکھو کا کہنا تھا کہ انہوں نےایک ہفتے میں35انسپکشن رپورٹس دی ہیں، ایک دن میں سات سات میڈیکل اسٹوروں کی انسپکشن کی ہے باقی ڈگریوں کی تصدیق اور لائسنس کا اجراء ڈی ایچ او کا کام ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ غلام علی لاکھو اس سے قبل ضلع جنوبی میں تعینات تھے جہاں چند ماہ قبل ان پر اینٹی کرپشن کی ایک انکوائری چلی ، ان پر الزام تھا کہ انہوں نے جعلسازی کے ذریعے فارماسسٹس کی ڈگریاں ان کی اجازت کے بغیر ڈرگ لائسنس بنانے کے لئے استعمال کی۔ ضلع جنوبی سے تبادلے کے ایک ہفتے کے اندر ان کی جانب سے درجنوں میڈیکل اسٹورز کی انسپکشن رپورٹس دینا اور پھر اس پر ڈرگ لائسنس کے اجراء نے شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے کہ قوانین اور ضابطوں کو نظر انداز کرکے مبینہ رشوت وصولی کے عوض ڈرگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید