کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرک اینڈ سیشن جج عبدالکریم انصاری اور سیشن جج ڈاکٹر شیربانوکریم نے جمعرات کے روز جامعہ کراچی کے کلیہ قانون کی لائبریری کا دورہ کیا اور کلیہ قانون میں زیر تعلیم طلباوطالبات کے لئے کلیہ ہذا کی لائبریری کو قانون کی نایاب کتابیں عطیہ کیں اور عطیہ کردہ کتب کے شیلف کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شیر بانوکریم نے اپنے تجربات سے وکالت کے شعبہ میں پیش آنے والی مشکلات،اس سے نبردآزماہونے اور قانون سے آگاہی کے لئے قانون کے کتابوں کے مطالعے کی اہمیت وافادیت پر زوردیا۔ رئیس کلیہ قانون جامعہ کراچی جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز نے کلیہ قانو ن کے طلبہ کے لئے قانون کی نایاب کتب عطیہ کرنے پر ان کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے طلبہ کے لئے کسی انمول تحفہ سے کم نہیں اور یہ نایاب کتب کے ذخیرہ میں ایک بہترین اضافہ ہے۔