• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی دور میں اپوزیشن کے ہر لیڈر پر کیس بنائے گئے، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان علینہ فاروق کے سوال انتقامی کارروائیوں کے نتیجے میں بننے والے کیسوں کا ازالہ کیسے ہو؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں اپوزیشن کے ہر لیڈر پر کیس بنائے گئے، پی ٹی آئی کے ساتھ زیادہ غلط ہورہا ہے لیکن اس کا بیج انہوں نے ہی بویا تھا.

 پروگرام میں تجزیہ کار شہزاد اقبال،ارشادبھٹی،محمل سرفراز اور مظہر عباس نےاظہار خیال کیا۔

شہزاد اقبال نے کہا کہ سیاسی انتقام کیلئے مخالفین کیخلاف کیسز بنا کر بہت بڑی زیادتی کی گئی، تحریک انصاف کو اپنے خلاف کیسز کی بات کرتے ہوئے اپنے دور کو بھی یاد رکھنا چاہئے.

 مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقا ن عباسی کیخلاف کیسز جھوٹے ثابت ہوگئے لیکن ن لیگ میں کسی کو انہیں مبارکباد دینے کی جرأت نہیں ہے، شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کا اپنے خلاف جھوٹے کیس بنانے والوں کیخلاف مقدمہ کرنے کا فیصلہ درست ہے، یہ کہنا ٹھیک نہیں ہوگا کہ ن لیگ کیخلاف تمام کیسز ٹھیک تھے یا تمام کیسز سیاسی انتقام کیلئے بنائے گئے تھے، حمزہ شہباز کیخلاف کیس انتہائی بھونڈے طریقے سے ٹرائل کے بغیر ختم کیا گیا۔

 ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ معافی مانگنے کا مطالبہ کرنے والوں سے کہنا چاہتا ہوں آج اگر جھوٹے سچے کیسوں پر معافی مانگنے کا وقت آگیا ہے تو کچھ معافیاں بچا کر رکھیں جب وقت بدلے گا تو اس وقت ان کی جیبوں سے معافیاں نکلنی چاہئیں، ایل این جی کیس جھوٹا نہیں تھا۔

محمل سرفراز نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں اپوزیشن کے ہر لیڈر پر کیس بنائے گئے، پی ٹی آئی کے ساتھ زیادہ غلط ہورہا ہے لیکن اس کا بیج انہوں نے ہی بویا تھا، پی ٹی آئی صرف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بیٹھنا چاہتی ہے تو اس سوچ کے ساتھ آگے نہیں بڑھا جاسکتا۔ 

مظہر عباس کا کہنا تھا کہ نیب کو ہر حکومت اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کرتی ہے ، ایسے قوانین بنائے جائیں کہ نیب کسی پر جھوٹا مقدمہ قائم کرتی ہے تو ملزم کیخلاف جو کارروائی ہوسکتی تھی وہی کارروائی نیب کیخلاف ہونی چاہئے۔

دوسرے سوال تحریک انصاف کی سپریم کورٹ سے متعلق دوہرے معیار کی وجہ کیا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے ارشاد بھٹی نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان نے پہلے چھ ججوں کے معاملہ کو مس ہینڈل کیا اب اسے ڈی فیوز کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید