• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نارویجن پاکستانی دہشت گردی کی سازش کے الزام میں ناروے کے حوالے

اسلام آباد (وقار گیلانی) پاکستان نے نارویجن پاکستانی عرفان قدیر بھٹی کو دہشت گردی کی سازش کے الزام میں ناروے کے حوالے کر دیا۔ بھٹی کو سخت سیکورٹی میں خصوصی طیارے کے ذریعے اوسلو پہنچایا گیا جب کہ حوالگی کے حکم کے خلاف ان کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے سامنے 28 مئی کو ہونا تھی۔ بھٹی نے اپنی عدم حوالگی کی درخواست کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی جسے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے خارج کر دیا تھا۔ 29 اپریل کو جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے درخواست پر سماعت کی اور بعد ازاں عبوری ریلیف یا اسٹے دیئے بغیر اسے 28 مئی کے لیے مقرر کیا۔ اس سال جنوری میں وفاقی حکومت کی جانب سے قائم کی گئی ایک انکوائری عدالت نے جون 2022 میں ہونے والی فائرنگ کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کو بھٹی کے حوالے کرنے کی تجویز دی تھی جس نے وسطی اوسلو میں ایک کلب کے قریب دو افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ ناروے کے حکام نے بھٹی کو دوسرا مشتبہ اور سازشی قرار دیا تھا اور اس کا تعلق ایرانی نژاد ناروے کے مرکزی ملزم زنیار ماتپور سے جوڑا تھا۔
اہم خبریں سے مزید