• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیسکو کی عوام دشمن پالیسیوں نے زراعت تباہ کردی‘ انجینئر عثمان

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے زمیندار ایکشن کمیٹی کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی طویل و غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے بلوچستان میں زراعت کو مکمل تباہ کردیاتو دوسری جانب حالیہ طوفانی بارشوں سے نوشکی سمیت پورا رخشان ڈویژن شدید متاثر ہوا جہاں کھڑی فصلیں اور باغات تباہ ہوئے تو وہیں لوگوں کے گھر گرنے سے وہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بلوچستان میں زراعت کا شعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ بلوچستان کے ساتھ کیسکو کا نہ ختم ہونے والا رویہ تاحال جاری ہے ، طویل و غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے زمینداروں و کسانوں کو نان شبینہ کا محتاج اور انہیں کروڑوں روپے کا مقروض بنادیا۔ آج بلوچستان کے زمیندار اپنے حقوق کیلئے سراپا احتجاج ہیں لیکن حکمرانوں کو ان کی کوئی فکر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب لوڈشیڈنگ اور دوسری طرف نوشکی اور رخشان ڈویژن سمیت پورے بلوچستان میں شدید و طوفانی بارشوں کی وجہ سے زراعت کا شعبہ تباہ ہوگیا۔ سیلابی ریلوں کے آنے سے کھڑی فصلیں اور باغات تباہ ہوگئے، انہوں نے زمینداروں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر زمینداروں مطالبات تسلیم کرتے ہوئے ان کے ریلیف اور رخشان ڈویژن میں بارشوں سے ہونے والی تباہی کے ازالے اور متاثرین کی امداد کیلئے اقدامات کرے۔درایں اثناء انہوں نے جمعیت بلوچستان کے نائب امیر اور پریس کلب خضدار کے صدر مولانا صدیق مینگل کی بم دھماکے میں شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔
کوئٹہ سے مزید