کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) مشیر کلائمنٹ چینج و ماحولیات نسیم الرحمن خان ملاخیل نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے خطرناک اور زہریلے سالڈویسٹ کی مناسب اندازمیں تلفی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے اس حوالے سے بھرپور مہم شروع کی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کے فضلات کی تلفی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیاجس میں سیکرٹری ماحولیات ندیم الرحمن اور ڈائریکٹر جنرل ماحولیات یاسر بازئی نے 6 ماہ کے دوران کئے گئے اقدامات کے حوالے سے رپورٹ پیش کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت 8 ہسپتالوں میں ویسٹ تلف کرنے کے لیے انسنی ریٹرز نصب ہیں جن میں سے صرف 4 کام کر رہے ہیں، جن کی 22 ہزار کلوگرام سے زائد فضلات تلف کرنے کی صلاحیت ہے ویسٹ مینجمنٹ کی خلاف ورزی پر 9 ہسپتالوں کو جرمانے کئے گئے ہیں، 48 ہسپتالوں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں3 ہسپتالوں کے مقدمات انوائرمنٹل پروٹیکشن ٹریبونل بلوچستان میں زیر سماعت ہیں۔ اس وقت کوئٹہ میں 15 سرکاری اور 78 نجی ہسپتال قائم ہیں۔