• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نژاد صادق خان کی تاریخی کامیابی، تیسری بار میئر لندن منتخب

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانیہ کی لیبر پارٹی کے رہنما پاکستانی نژاد صادق خان کی تاریخی کامیابی، مسلسل تیسری بار میئر لندن منتخب ہوکر ہیٹ ٹرک مکمل کرلی ہے، میئر کے انتخاب کیلئے لیبر پارٹی کے صادق خان اور کنزرویٹیو پارٹی کی سوزن ہال کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ کاؤنسلز میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کے پہلے روز وزیر اعظم رشی سوناک کی جماعت کو خوفناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ خیال رہےکہ صادق خان پہلی مرتبہ 2016 میں لندن کے میئر منتخب ہوئے تھے۔ 2016 میں صادق خان نےکنزرویٹیو امیدوار اور سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ کو شکست دی تھی۔ میئر لندن بننے سے پہلے صادق خان نے 2005 سے 2016 تک رکن پارلیمنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 53 سالہ صادق خان لندن کے علاقے ٹوٹنگ میں پیدا ہوئے، انہوں نے یونیورسٹی آف لندن سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ صادق خان نے سیاست کا آغاز ونز ورتھ کونسل کا کونسلر بن کرکیا۔ بطور میئر لندن صادق خان نے ہوپر کی منفرد اسکیم متعارف کرائی، ہوپر اسکیم کے تحت ایک گھنٹے تک مسافر جتنی چاہیں بس اور ٹرام تبدیل کرسکتے ہیں۔ صادق خان نے لندن کی فضا کو بہتر بنانے کے لیے الٹرلوایمیشن زون کی متنازع اسکیم بھی متعارف کرائی۔

اہم خبریں سے مزید