• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کابینہ، دسویں تک مفت کتب دینے کیلئے 3.5 ارب روپے جاری، پولیس کیلئے گاڑیوں کی مد میں 17 کروڑ روپے کا اجرا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےمتعدد اہم فیصلے کیے ہیں جن میں پولیس کے مختلف ونگز کو مضبوط اور متحرک کرنے کیلئے آپریشنل گاڑیوں کی خریداری کیلئے 177.517 ملین روپے کی منظوری،سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ (ایس ایس بی ٹی) کی آڈٹ رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے ابتدائی تعلیم سے لے کر میٹرک تک مفت کتب دینے کیلئے باقی ماندہ 3.5ارب روپے کے اجرا اور پیپلزبس کا کرایہ 50روپے رکھنے کیلئے29کروڑ جاری کرنے کی منظوری شامل ہیں ، سندھ کابینہ نے محمد امین اللہ صدیقی کی بطور اسپیشل جج اینٹی کرپشن (صوبائی) کراچی، تقرری کی منظوری دی۔کابینہ نے حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے قیام اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی بھی منظوری دی سندھ کابینہ نے پیپلز بس سروس کا کرایہ 50 روپے برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی ، 50روپے کرایہ مقرر کرنے کے لیے 579.758 ملین روپے 6 ماہ کی سبسڈی کے طور پر منظور کیے گئے تھے اس کے لئے بقیہ 289.878 ملین جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی ،۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیس کو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز، کچے کے ڈاکوؤں اور صوبے بھر میں ڈرگ مافیاز کے خلاف کارروائیاں تیز کرنا ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر پاکستان آصف زرداری نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن و امان سے متعلق اپنے اہم اجلاس کے دوران اس مقصد کے لیے واضح ہدایات دی تھیں اور مجھے ہر صورت امن و امان بحال چاہیے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔پولیس گاڑیاں: محکمہ داخلہ نے کابینہ کو بتایا کہ سندھ پولیس، (سی پی او، ایس ایس یو، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ایس پی یو)، سیف سٹیز اتھارٹی اور سندھ فرانزک سائنس لیبارٹری نے آپریشنل مقاصد کی بہتر تکمیل کے لیے گاڑیوں کی خریداری کی درخواست کی ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سندھ پولیس کی 405 گاڑیاں جو کہ اب مکمل طورپر استعمال کے قابل نہیں ہیں۔ انہیں گاڑیوں کی خریداری کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں۔کابینہ نے غور کے بعد محکمہ داخلہ کو آپریشنل مقاصد کے لیے گاڑیوں کی خریداری کے لیے 177.514 ملین روپے کی منظوری دی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کی حکومت نے پولیس فورس کو بہتر اسلحہ، ایمیونیشن اور تنخواہوں کے پیکجز کے ساتھ ساتھ گاڑیاں کی بھی فراہم کیں ہیں تاکہ فورس کو مزیدمستحکم و متحرک کیا جاسکے۔ انہوں نے شہر اور رکچے کے علاقے میں امن و امان کی بحالی کے حوالے سے پولیس کی کاوشوں کا اعتراف کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ: کابینہ کو بتایا گیا کہ نگراں کابینہ نے پیپلز بس سروس کو سبسڈی کے طورپر 50 روپے کرایہ پر جاری رکھنے کے لیے 597.756 ملین روپے کی منظوری دی تھی جس کے حوالے سے 50 فیصدیعنی 289.878 روپے جاری کیے گئے۔
اہم خبریں سے مزید