• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حادثاتی طور پر لی گئی تصاویر سے امریکی فوٹوگرافر راتوں رات اسٹار بن گیا

تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

مائیکل سانچیز نامی امریکی فوٹوگرافر کی اتفاقاً لی گئی ایک تصویر نے اسے راتوں رات اسٹار بنا دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی دارلحکومت واشنگٹن کے علاقے وینکوور سے تعلق رکھنے والے مائیکل سانچیز فوٹوگرافی کے شوقین ہیں۔

انہوں نے کام سے وقفے کے دوران اپنے نئے کیمرے پر کچھ تجربات کرنے کا سوچا اور اوریگون کے ہگ پوائنٹ پر تصاویر لینے کے لیے پہنچ گئے۔

دریں اثناء انہوں نے حادثاتی طور پر ایک نیلے رنگ کے پرندے راک تھرش کی کئی تصاویر لیں اور اس بات سے لا علم کہ یہ ایک نایاب پرندہ ہے، تصاویر اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔

تصاویر شیئر کرنے کے تقریباً 1 ہفتے کے بعد مڈل اسکول سے وابستہ برانڈ ڈائریکٹر مائیکل سانچیز ان تصاویر کی وجہ سے اسٹار بن گئے۔ 

اوریگون برڈنگ ایسوسی ایشن سے وابستہ پرندوں کے بارے میں معلومات رکھنے والے ایک شخص نے ان سے رابطہ کیا اور اس نیلے پرندے کی خاصیت سے انہیں آگاہ کیا۔

انہوں نے شوقین فوٹو گرافر کو بتایا کہ یہ نیلا پرندہ امریکا میں نایاب ہے، یہ مشرقی ایشیائی علاقوں میں پایا جاتا ہے، تاہم اسے شمالی امریکا میں پہلی بار 1997ء میں دیکھا گیا تھا۔

فوٹوگرافی کے شوقین مائیکل سانچیز کے مطابق انہیں کبھی پرندوں میں دلچسپی نہیں رہی لیکن اس پرندے کو پہلی بار دیکھا تھا اور اس کی خوبصورتی سے متاثر ہو کر اس کی تصاویر لے لیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ دیکھ کر بہت حیرت ہوئی کہ لوگ کس قدر اس پرندے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

امریکی اخبار کے مطابق اس واقعے کے 4 دن بعد سان فرانسسکو کے ساحل پر ایک بار یہ پرندا دیکھا گیا، اس سے قبل رواں سال کے آغاز میں جنوری میں بھی یہ پرندہ یہاں دیکھا گیا تھا۔

برڈ الائنس آف اوریگون سے وابستہ ماہرین کے مطابق ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ مشرقی ایشائی ریاستوں سے یہ پرندہ یہاں کیسے پہنچا؟ تاہم اس پرندے کی تصاویر اور مقام کی تصدیق کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید