• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے قافلے پر حملہ، اہلکار ہلاک، 4 زخمی

کراچی (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے قافلے پر مبینہ حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور 4زخمی ہوگئے،بھارتی حکام کے مطابق حملہ آورں نے امریکی ساختہ ہتھیار بھی استعمال کئے، کانگریس کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چرن جیت سنگھ کا کہنا ہے کہ یہ دہشتگردانہ حملہ نہیں بلکہ بی جے پی کا الیکشن سے قبل سیاسی ڈرامہ ہے ، حملے کے بعد پونچھ سیکٹر میں قابض بھارتی فوج کا سرچ آپریشن ، درجنوں کشمیریوں کو گرفتار کرلیا ۔ انڈین میڈیا کے مطابق حملہ پونچھ سیکٹر کے پہاڑی علاقے میں ہوا جہاں مسلح افراد نے قافلے میں شامل گاڑیوں پر فائرنگ کی اور باآسانی جنگل کی طرف فرار ہوگئے، ہلاک اور زخمیوں اہلکاروں کا تعلق فضائیہ سے ہے،بھارتی اخبار نے حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آوروں نے زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانے کیلئے اے کے رائفل ، امریکی ساختہ کلاشنکوف ایم 4کاربن اور اسٹیل کی گولیاں استعمال کیں ، بھارتی ایئرفورس کے بیان کے مطابق ہفتے کی رات دیر گئے ہونے والے اس حملے میں پانچ اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا،تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ، کانگریس کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چرن جیت سنگھ نے بھارتی فضائیہ کے قافلے پر حملے کو لوک سبھا انتخابات کیلئے بی جے پی کا سیاسی ڈرامہ قرار دیا ہے ، سابق وزیر اعلیٰ نے کہا، "یہ سب دہشتگردانہ حملے نہیں، اسٹنٹ ہیں ، یہ بی جے پی کے پری پول اسٹنٹ کے سوا کچھ نہیں ہیں، اس میں کوئی سچائی نہیں ہے، بی جے پی لوگوں کی جانوں سے کھیل رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے اس علاقے کے ایک پڑوسی حلقے میں 19 اپریل کو بھارت کے حالیہ عام انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ بھی ہوئی تھی اور پونچھ کے ووٹرز نے دراصل اس ہفتے اپنا ووٹ ڈالنا تھا لیکن بھارت کے الیکشن کمیشن نے حالیہ دنوں میں موسم کی خرابی کی وجہ سے پولنگ کو 25 مئی تک ملتوی کر دینے کا اعلان کیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید