• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف گندم اسکینڈل میں شامل ہیں، اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف گندم اسکینڈل میں شامل ہیں۔

اسلام آباد میں محمود خان اچکزئی اور ثناء اللّٰہ بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت ہی نے نگراں حکومت بنائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف گندم اسکینڈل میں شامل ہیں، ان سے پیسے وصول کرنے چاہئیں، ہم کسانوں کے ساتھ ہیں، اسکینڈل پر حکومت ڈرامہ بازی کررہی ہے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ماضی میں کافی مسائل رہے، حکومت کو ناجائز ماننے والی ہر پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، پی ٹی آئی کو جلسوں کی اجازت نہیں دی جارہی، ہمارا قانونی حق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ممبران قومی اسمبلی کے بچوں کو بھی معلوم ہے پارلیمنٹ میں ناجائز بیٹھے ہیں، سپریم کورٹ کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنا خوش آئند ہے، عدالتیں ایسے ہی فیصلہ کریں گی تو پی ٹی آئی جلد حکومت میں آئے گی۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ بلوچستان میں عوام کے کئی تحفظات ہیں، پاکستان کے بارڈر پر رہنے والوں کو ساتھ ملانا چاہیے، صوبائی، وفاقی حکومت کو چمن سے متعلق تحفظات کو سننا چاہیے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ چمن میں 190 سے زائد دنوں سے دھرناجاری ہے، دھرنا دینے والوں کا مطالبہ ہے ڈپٹی کمشنر، ایف سی کےخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر کا جس سے دل چاہے وہ مل سکتے ہیں، ہم کبھی کسی غیر آئینی اقدام میں شامل نہیں ہوئے۔

محمود خا ن اچکزئی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران شاہ محمودقریشی کی قیادت میں وفدکابل گیا تھا، بجلی، انڈے ایران سے تجارت کے ذریعے پاکستان آتے ہیں۔

ثناء اللّٰہ بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی 50 فیصد سے زائد آبادی سرحدوں پر ہے، نگراں حکومت کے دور میں صوبے کی کئی چیزوں کو دبوچ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سڑکیں بچھائی گئیں نہ صنعتیں لگائی گئیں، بلوچستان کے ساتھ غلط رویہ رکھا جارہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید