• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب محکمہ خوراک مئی کے دوسرے ہفتے میں بھی باردانہ تقسیم نہ کرسکا

اسلام آباد(رپورٹ حنیف خالد)پنجاب فوڈ ڈائریکٹریٹ نے صوبہ بھر کے کسانوں میں 7مئی کو بھی باردانہ تقسیم نہیں کیا جس سے گندم کے کاشتکاروں کی مایوسی بڑھ گئی ہے۔اختتام ہفتہ اور منگل کو ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس بے نتیجہ رہے اس کے حوالے سے قائد پاکستان مسلم لیگ(ن)میاں محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز نے گزشتہ ہفتے کے اواخر میں جاتی امرا میں صوبائی وزرا سیکرٹریوں کا اجلاس بلا کر مشاورت کی۔ جبکہ منگل 7مئی کو بھی صوبائی وزرا اور سیکرٹری صاحبان سرجوڑ کر بیٹھے مگر ’’نشستند، گفتند، برخاستند‘‘کے مصداق ۔گندم کے کاشتکاروں کیلئے کوئی خوشخبری بقول صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کے نہیں مل سکی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی منظوری سے منگل کو پنجاب کابینہ کے متعلقہ وزرا اور ان کے صوبائی سیکرٹریوں کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں 22 اپریل سے جاری کسانوں سے گندم کی خریداری کے بحران کو حل کرنے کیلئے قابل عمل تجاویز کا پیکج تیار کر لیا گیا۔ مگر رات گئے تک منگل کو ہونے والے ایک گھنٹہ سے زائد دورانیے کے اجلاس کے بارے میں کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔ جنگ کو باخبر حلقوں نے اپنے نام صیغہ راز میں رکھنے کی یقین دہانی پربتایا کہ منگل کے روز ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیرخوراک بلال یاسین، سیکرٹری معظم اقبال سپرا،صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، سیکرٹری مجاہد شیر دل، صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو،وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری بھی شریک ہوئے۔
اہم خبریں سے مزید