اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ہفتے کے روز خصوصی طور پر اسلام آباد سے لاہور جا کر اُنکی رہائشگاہ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے خیر سگالی کی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اُمور پر تبادلہ خیال‘ نواز شریف کا میزبانی پر برطانوی حکومت و عوام کا اظہار تشکر ۔ میاں نواز شریف جنہیں سنٹرل ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں سینئر مسلم لیگی اراکین نے وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب کے بعد اتفاق رائے سے پاکستان مسلم لیگ کا قائم مقام صدر منتخب کیا ہے اور اُنہیں پارٹی کا مستقل صدر بنانے کیلئے 28مئی یوم تکبیر کا خصوصی دن رکھا گیا ہے۔ اس روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جنرل باڈی میٹنگ میں 28مئی 1998ء کو بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کا جواب چاغی کے پہاڑوں میں 6ایٹمی دھماکے کر کے دینے والے میاں نواز شریف کو پارٹی کا مستقل صدر منتخب کیا جائیگا۔ برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ کا خیرمقدم میاں محمد نواز شریف نے خود کیا۔ دونوں کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔