ملک کے مختلف شہروں میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی گرفتاری اور رہائی عمل میں آئی۔
اسلام آباد میں ریلی نکالنے کی کوشش میں بیرسٹرگوہر اور شعیب شاہین سے دھکم پیل ہوئی، بیرسٹر گوہر کی گرفتاری کی خبر پھیلی تاہم کچھ دیر بعد وہ شعیب شاہین کے ساتھ پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پہنچ گئے۔
مظفرآباد میں ضلعی صدر پی ٹی آئی اظہر گیلانی سمیت کئی کارکن گرفتار کرلیے گئے، تحصیل ڈڈیال میں عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا، جس سے اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
میرپور کے چوک شہیداں سے عوامی ایکشن کمیٹی کے 8 ارکان گرفتار کرلیے گئے۔
کراچی میں ریلی نکالنے کی کوشش میں پی ٹی آئی رہنما جمال صدیقی سمیت 6 کارکن گرفتار کرلیے گئے۔ مزار قائد کے قریب بھی پی ٹی آئی نے احتجاج کیا۔
راولپنڈی سے پی ٹی آئی رہنما شہر یار ریاض اور سمابیا طاہر کو گرفتار کیا گیا۔
سیالکوٹ سے رہنما پی ٹی آئی ریحانہ ڈار اور دیگر خواتین گرفتار کی گئیں، کچھ دیر بعد ریحانہ ڈار کو چھوڑ دیا گیا۔ پولیس نے گرفتار کیے جانے کی تردید کردی۔