نارتھ کراچی میں 7 سالہ بچہ پراسرار طور پر غائب ہوگیا، بچے کے لاپتہ ہونے پر والدین غم سے نڈھال ہیں، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے والد کو مختلف موبائل نمبروں سے بھتے کے پیغامات ملے، موبائل فون نمبروں کی معلومات حاصل کرلی گئیں، جن نمبروں سے میسجز ملے وہ پنجاب اور بلوچستان کے ہیں۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ میسج کرنے والوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے بچے کے والد کا نمبر حاصل کیا، فلیٹ میں بنی پانی کی ٹنکیاں بھی چیک کرلی گئیں، ابھی تک بچے صارم کا کچھ پتا نہیں چل سکا، تحقیقات جاری ہیں۔
نارتھ کراچی سیکٹر فائیو کے کا رہائشی 7 سالہ صارم دو روز پہلے فلیٹوں میں بنے مدرسے گیا لیکن پھر گھر واپس نہ پہنچ سکا، بچے کے بھائی نے بتایا کہ دونوں بھائی مدرسے سے ساتھ ہی نکلے تھے لیکن بڑا بھائی گھر پہنچ گیا چھوٹا لاپتہ ہوگیا۔
صارم کے والدین نے اسکی گمشدگی پر تھانہ بلال کالونی میں اغواء کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کروادیا۔
پولیس نے رہائشی عمارت کے تمام فلیٹس میں سرچ آپریشن کیا ساتھ ہی قریب موجود گٹر اور زیر زمین ٹینک کو بھی دیکھا گیا لیکن بچے کا کچھ پتا نہیں چل سکا۔
پولیس کے مطابق ہر پہلو سے چھان بین کی جارہی ہے امید ہے بچہ جلد مل جائے گا۔