وزیرِ اعظم شہباز شریف ایک روز کے دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔
اماراتی نائب صدر، نائب وزیراعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ ہیں۔
وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہے۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف اور صدر متحدہ عرب امارات محمد بن زاید النہیان کے درمیان ملاقات ہو گی۔
ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تعاون کے مزید فروغ پر گفتگو کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف آئی ٹی سے متعلق پاکستانی اور یو اے ای کی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے ملیں گے۔
عرب امارات میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور اماراتی کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔