اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)چیئرمین چائنا امپورٹ ایکسپورٹ بینک نےشہباز شریف کو پاکستان اسپیڈ کا نام دیدیا، ایگزم بینک کے چیئرمین نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جس طرح آپ نے پنجاب اسپیڈ سے کام کیا اور بہترین کارکردگی دکھائی اسی طرح ہمیں پاکستان اسپیڈ نظر آنا شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کا ہر منصوبہ چائنا ایگزم بینک کے لئے ترجیحی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے سی پیک فیز۔ II کے تحت اقتصادی اور مالی تعاون کے اہم کردار اور چائنا ایگزم بینک کی پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری اور ’’مشترکہ خوشحالی‘‘ کے تصور کے تحت پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون پر زور دیا۔چائنا ایگزم بینک کی سابقہ چیئرپرسن ہو زیاولیان نے محمد شہباز شریف کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے دور میں ان کے زیرنگرانی تیز رفتار ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے شہباز اسپیڈ کی اصطلاح استعمال کی تھی،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان زراعت کے شعبے کی استعداد بڑھانے کے لئے چینی تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، حکومت گورننس کی بہتری، ٹیکس نیٹ بڑھانے اور کاروبار میں آسانی کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے، ریلوے مین لائن ون کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ سرمایہ کاری کے لیے بالکل تیار ہے،چائنا ایگزم بینک نے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار چائنا ایکسپورٹ امپورٹ بینک (سی ای ایکس آئی ایم)کے چیئرمین ڈاکٹر وو فلن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی۔