معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے اوپن اے آئی اور اس کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین کے خلاف مقدمہ واپس لے لیا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کے وکلاء نے کیلیفورنیا کی ایک عدالت میں اوپن اے آئی اور سیم آلٹمین کے خلاف دائر کیا گیا مقدمہ واپس لینے کی درخواست جمع کروا دی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وکلاء نے درخواست میں مقدمہ واپس لینے کی کوئی وجہ نہیں بتائی جس کا مطلب ہے کہ ایلون مسک کسی بھی وقت مقدمہ دوبارہ دائر کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایلون مسک نے 2015ء میں سیم آلٹمین اور گریگ بروک مین کے ساتھ مل کر اوپن اے آئی کی بنیاد رکھی تھی مگر 2018ء میں اُنہوں نے اوپن اے آئی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
انہوں نے اوپن اے آئی سے علیحدگی کی وجہ یہ بتائی تھی کہ اے آئی ٹیکنالوجی جوہری ہتھیاروں سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
ایلون مسک نے اوپن اے آئی اور اس کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین کے خلاف رواں سال مارچ میں مقدمہ بھی دائر کیا تھا۔
اُنہوں نے اس مقدمے میں یہ مؤقف اختیار کیا کہ اوپن اے آئی کو غیر منافع بخش بنیادوں پر کام کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا مگر سیم آلٹمین اور کمپنی نے ان اصولوں کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے اوپن اے آئی پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ یہ کمپنی مائیکرو سافٹ کے ساتھ مل کر منافع کے حصول کے لیے کام کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ مائیکرو سافٹ نے اوپن اے آئی میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے۔