پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کو چوری کا پیسہ ثابت کرنے کیلئے عدالتی فیصلہ ضروری ہے، کسی عدالت نے یہ نہیں کہا کہ یہ جُرم کا پیسہ ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کا فیصلہ تو سپریم کورٹ سے ہونا ہے، 26ویں آئینی ترمیم کا فیصلہ چاہے آئینی بینچ یا ریگولر بینچ کرے یہ ہونا ہے، یہ نئی قسم کا کیس ہے اس میں توقعات تو کچھ بھی کی جا سکتی ہیں۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ برطانوی ادارے نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کو لگا 190 ملین پاؤنڈ چوری کا پیسہ ہے اور انہوں نے اس کو فریز کردیا، این سی اے نے سیٹلمنٹ کرلی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 6 نومبر 2019 کو ایگریمنٹ ہوگیا تو یہ پیسہ ڈی فریز کردیا گیا، پورے کیس کی عمارت جو کھڑی ہے کہ یہ پیسہ چوری کا پیسہ ہے، نیب نے کہا یہ بانی پی ٹی آئی کی کابینہ نے فیصلہ کیا تھا۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ یہ پیسہ این سی اے نے 2018 میں منجمد کیا، پیسہ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں کابینہ کے فیصلے سے پہلے آیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ حسن نواز کون ہیں، یہ نواز شریف کے برخوردار ہیں، نیب کو سوال پوچھنا چاہیے تھا کہ ون ہائیڈ پارک پراپرٹی کیسے خریدی؟