کراچی(اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے سیاستدان ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور بات کرنے کو تیار نہیں‘ نفرت کی سیاست پھیلائی جارہی ہے اور سیاسی جماعتیں اپنی انا کے لیے پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہیں‘لوڈشیڈنگ پورے ملک کا مسئلہ ہے‘سندھ حکومت غریب خاندانوں کو مفت سولر سسٹم جبکہ متوسط طبقے کو سبسڈائزڈ نرخوں پر سولر پینل فراہم کریگی ‘بجٹ پر حکومت سے بات چیت جاری ہے‘امید ہے شہباز شریف ہمارے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کریں گے‘معاشی بحران حل کرنے کیلئے شہباز شریف کی نیت صاف ہے۔جمعہ کو لیاری میں شہید بے نظیربھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی والدہ کے خوابوں کو حقیقت بنانے تک جدوجہد جاری رکھیں گے‘ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ جن قوتوں نے سمجھا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو قتل کرنے سے پی پی پی ختم ہوجائے گی وہ غلط ثابت ہوئے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو آج بھی گڑھی خدا بخش سے حکومتیں بناتی اور گراتی ہے۔ لیاری کے لوگ شہید محترمہ کے لاڈلے ہیں‘ ہمارا اور لیاری کا تعلق بے مثال ہے۔