اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی اطمینان کی بات ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) پر دونوں ممالک میں مکمل سیاسی اتفاق رائے ہے۔وزیر اعظم نے یہ بات جمعہ کے روز کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو جیان چاؤ سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم بزنس ٹو بزنس اور صنعتی شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کا نیا مرحلہ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک کے تمام جاری اور نئے منصوبوں کی جلد تکمیل اور ان پر عمل درآمد پاکستان کی اقتصادی ترقی اور جامع ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیر اعظم نے دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں کے درمیان تجربے کے تبادلے ، استعداد کار میں بہتری کے حوالے سے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ لیو جیان چاؤ نے کہا کہ چین نے اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ایک خاص مقام دیا ہے اور وہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کی حمایت جاری رکھے گا اور سی پیک کے اپ گریڈ ورژن کے لیے مشترکہ طور پر کام کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اگلے مرحلے کے لئے تیار ہیں ۔ دریںا ثنا لیو جیان چاؤ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر حالیہ پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔جنرل سید عاصم منیر نے چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے اہم منصوبے سی پیک کی کامیابی کے لئے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔