بھارتی دبنگ گرل اداکارہ سوناکشی سنہا کی زندگی کے یاد گار اور سب سے خاص دن پر بھائیوں کی عدم موجودگی میڈیا کی خاص توجہ کا مرکز بنی رہی۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کے اہل خانہ ان کی شادی سے خوش نہیں ہیں اور یہی ان کے خاندان میں پھوٹ پڑنے کی وجہ ہے۔
تاہم بعدازاں دلہنیا کے والد سینیئر اداکار شتروگھن سنہا نے اپنے مشہور زمانہ ڈائیلاگ ’خاموش‘ سے ان تمام گردشی خبروں کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اپنی اکلوتی بیٹی کی خوشی میں خوش ہیں، اس سے بڑھ کر ان کے لیے کوئی اور چیز اہمیت نہیں رکھتی۔
شادی کی مختلف تقریبات کے موقع پر نوبیاہتا جوڑے کے والدین کم و بیش تمام عزیز و اقارب، دوست احباب پیش پیش رہے مگر سینیئر اداکار شتروگھن سنہا کے دونوں بیٹے ’لو سنہا‘ اور ’کش سنہا‘ شادی کی تمام تقریبات میں شریک نہیں ہوئے۔
اداکارہ کی زندگی کے سب سے بڑے دن پر دونوں بھائیوں کی عدم موجودگی میں سوناکشی کی قریبی دوست ہما قریشی کے بھائی اداکار ثاقب سلیم نے بھائیوں کے فرائض ادا کیے۔
بعدازاں بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ذرائع کے مطابق لو سنہا نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دینے کے لیے 2 دن کی مہلت طلب کی ہے۔
تاہم اب لو سنہا نے بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے، انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کے دعوؤں کی تردید کی ہے۔
انہوں نے بھارتی میڈیا کے ذرائع کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’ذرائع کے مطابق!، انہیں اپنے ذرائع بہتر کرنے کی ضرورت ہے‘۔