امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کو اپنے شاندار کیریئر میں ایک منفرد اعزاز حاصل ہو گیا، ماہرین نے حال ہی میں دریافت ہونے والے کیڑے کی ایک نئی نسل کا نام ان کے نام پر رکھ دیا۔
جرنل ’انسیکٹ سسٹمیٹکس اینڈ ایوولوشن‘ میں 9 ستمبر کو شائع ہونے والی تحقیق میں پودے کھانے والے کیڑوں کی 12 نئی اقسام دریافت ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تحقیق کے مطابق اس دریافت کے لیے ایک نئی جنس کا نام بھی تجویز کیا گیا، جسے ٹیلر سوئفٹ سے متاثر ہو کر ’سوئفٹی فیلس‘ (Swiftiephylus) کا نام دیا گیا ہے۔
اس جنس میں شامل 4 اقسام کے نام بھی ٹیلر سوئفٹ اور ان کے البمز سے متاثر ہو کر رکھے گئے ہیں، جن میں ٹیلورا، ایمیٹر، انٹریپیڈس اور پوئیٹورم شامل ہیں۔
تحقیق کی شریک مصنف اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ریور سائیڈ کی حشراتیات کی ڈاکٹریٹ طالبہ سارہ شروڈر نے کہا ہے کہ میں ٹیلر سوئفٹ کی طویل عرصے سے مداح ہوں، اس لیے انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ کیڑوں کی ان اقسام کی جانب بھی توجہ دلانا چاہتی تھی جو ابھی دریافت ہونا باقی ہیں۔
شروڈر کے مطابق ان کیڑوں کو ٹیلر سوئفٹ سے منسوب کرنے کی ایک وجہ ان کی ظاہری رنگت بھی ہے، ان کیڑوں کا رنگ ہلکا زرد ہے اور ان کے جسم پر سرخ رنگ کے نمایاں نشانات موجود ہیں، جو ٹیلر سوئفٹ کے سنہرے بالوں اور سرخ ہونٹوں سے مشابہت رکھتے ہیں۔
محققین نے بتایا ہے کہ سوئفٹی فیلس کے نمونے 1995ء سے 2004ء کے درمیان امریکی میوزیم آف نیچرل ہسٹری اور آسٹریلوی ماہرین نے جمع کیے تھے، اس مہم کے نتیجے میں 50 ہزار سے زائد نمونے حاصل ہوئے، تاہم سائنس دانوں کا اندازہ ہے کہ تقریباً 3 کروڑ کیڑے اب بھی دستاویزی ریکارڈ میں شامل نہیں کیے گئے۔
نئی جنس سوئفٹی فیلس حقیقی کیڑوں کے سب سے بڑے خاندان مریڈی (Miridae) کا حصہ ہے، جس میں دنیا بھر میں 11 ہزار سے زائد بیان کردہ انواع شامل ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ کو ملنے والا یہ منفرد اعزاز پہلی بار نہیں کہ کسی مشہور شخصیت کے نام پر کسی جاندار کا نام رکھا گیا ہو، ان سے قبل 2022ء میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ریور سائیڈ کے سائنس دانوں نے اداکار جیف ڈینیئلز کے نام پر ایک نیماٹوڈ کیڑے کی نوع کا نام ’ٹارنٹوبیلَس جیف ڈینیئلسی‘ رکھا تھا۔
