• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر پنجاب اسمبلی اپوزیشن کے رویے پر سیخ پا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان اپوزیشن کے رویے پر سیخ پا ہو گئے اور ایتھکس کمیٹی بنانے کا اعلان کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ اسمبلی کا ماحول بہتر بنانے کے لیے ایتھکس کمیٹی بنا رہے ہیں، اخلاقیات کو برقرار رکھنے کے لیے ایتھکس کمیٹی کام کرے گی۔

ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ گالیاں دینے والے ارکان کو ایوان سے باہر کر دیا ہے، 20 ارکان کو ایوان میں آنے سے روکا ہے، میری موجودگی میں ایوان کے اندر گالیاں دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ارکان اخلاقی سطح سے گر جائیں گے تو مجھے اپنا اختیار استعمال کرنا پڑے گا، پارلیمان کے اندر ہلڑ بازی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا ماحول کسی صورت خراب نہیں ہونے دوں گا، ایوان کو بہتر انداز سے چلانا میرے فرائض منصبی میں ہے۔

ملک احمد خان نے کہا کہ اسمبلی میں بے ہودہ نعروں کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایوان کوئی جلسہ گاہ یا کنٹینر نہیں، ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کا اختیار ہے، گندے نعرے لگا کر ایک دوسرے کو اشتعال نہ دلوائیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہر حال میں پنجاب اسمبلی کے ایوان کا نظم و ضبط برقرار رکھا جائے گا، کسی کو ماں بہن کی گالیاں دینے کی اجازت نہیں دوں گا، ایوان میں اراکین کی طرف سے دی جانے والی گالیوں اور غلط زبان کی تحقیقات کی جائیں گی، سب کو اپنی حدود میں رہنا پڑے گا۔

قومی خبریں سے مزید