میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہید بھٹو پر بات کرنے سے قبل ایم کیو ایم اپنے گریبان میں جھانک لے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پ ربات کرنے سے ایم کیو ایم کے بونے رہنماؤں کا قد کبھی نہیں بڑھے گا، انہوں نے پاکستان کے عوام کو ان کی شناخت دی۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی میں جب بوری بند لاشوں کی بات ہوگی وہاں ایم کیو ایم کا ضرور ذکر ہو گا، بوری بند لاشیں، بھتا خوری اور ہڑتالیں ایم کیو ایم کی پہچان ہے، عوام کو ملازمتوں سے محروم کرنے کی مذموم کوشش ایم کیو ایم اپنی فتح تصور کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کو میرٹ پر ملازمتیں فراہم کیں، ایم کیو ایم کی مثال جس تھالی میں کھائے اسی میں چھید کرنے والی ہے، ایم کیو ایم نے ہمیشہ شہریوں کے حقوق کا سودا کیا۔
میئر کراچی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اپنے آپس کے اختلافات سے تنگ آکر الزام تراشی کی سیاست کر رہی ہے، شہید بھٹو نے سب سے بڑھ کر پاکستان کو ایٹمی پروگرام دیا۔