کراچی(صباح نیوز)وزیر اعظم شہبازشریف سے تاجر برادری کی کراچی پورٹ ٹرسٹ میں ملاقات ہوئی، بندرگاہ پر درپیش مشکلات اور شپنگ لائنز کی زیادتیوں بارے آگاہ کیا۔تاجروں نے وزیر اعظم سے پورٹ کے انفرا سٹرکچر کو بہتر بنانے کا مطالبہ کر دیا، وزیراعظم نے پورٹ پر کلیئرنس میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا، متعلقہ اداروں کو پورٹ پر درپیش مسائل جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم سے تاجروں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی سستی ہوگی تو برآمدات کو 6 ارب ڈالر تک بڑھا دیں گے، ایکسپورٹ بڑھے گی تو بیرونی قرض کی ضرورت نہیں ہوگی، ایکسپورٹرز پر فکسڈ ٹیکس ختم کرنے پر تحفظات سے بھی شہباز شریف کو آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے اگلے ہفتے ایف پی سی سی آئی سے پورٹ پر بہتری کیلئے تجاویز مانگ لیں۔