استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما عون چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے نے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کردی ہے۔
لاہور سے جاری بیان میں عون چوہدری نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی اس کیس میں فریق ہی نہیں تھی لیکن اسے نشستیں دے دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے نے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کردی ہے، حکومت اور متاثرہ جماعتیں فیصلے کے خلاف نظرثانی کا حق محفوظ رکھتی ہیں۔
آئی پی پی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ارکان اسمبلیوں نےجو بیانات حلفی جمع کروائے وہ سنی اتحاد کونسل کے تھے، سوال تو یہ ہے کہ بیان حلفی کی موجوگی میں کیسے ان کو تحریک انصاف کا رکن قرار دیا جا سکتا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ کیس میں عدالت سے ریلیف سنی اتحاد کونسل مانگنے گئی تھی لیکن پی ٹی آئی کو دے دیا گیا۔