• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب بھارت میں امجد صابری کا جھانسی کے ڈاکوؤں سے سامنا ہوا تو کیا ہوا؟ بیٹے نے واقعہ سنا دیا


لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے معروف قوال امجد صابری کے بڑے صاحبزادے مجّدد امجد صابری نے حالیہ انٹرویو میں اپنے والد کا بھارت میں ڈاکوؤں سے ہوئے سامنے کا دلچسپ و یادگار واقعہ سنایا۔

حال ہی میں مجّدد امجد صابری یوٹیوبر نادر علی کی پوڈ کاسٹ میں نظر آئے، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے ساتھ ساتھ مرحوم امجد صابری کی خوبصورت یادوں کا بھی تذکرہ کیا۔

دورانِ گفتگو انہوں نے اپنے مرحوم والد کے ساتھ بھارت میں پیش آنے والا ایک یاد گار اور دلچسپ واقعہ سنایا کہ ان کا وہاں ڈاکوؤں سے سامنا ہوا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ امجد صابری کا بھارتی شہر جھانسی میں ایک پروگرام تھا، انہیں پروگرام ختم کر کے دہلی پہنچنا تھا جہاں سے انہیں لاہور واپس آنے کے لیے فلائٹ لینی تھی۔

مجدد امجد کے مطابق جھانسی (غیر محفوظ مقام جہاں ڈاکوؤں کا راج قائم تھا) میں پروگرام کے حاضرین نے والد صاحب کو پروگرام ختم ہونے کے بعد جانے نہیں دیا اور مزید قوالی کی فرمائش کرنے لگے، اس طرح وہ پروگرام 3 گھنٹے تاخیر سے ختم ہوا تو واپسی میں رات کافی زیادہ ہو گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ چونکہ لاہور کے لیے واپسی کی فلائٹ تھی اس لیے والد صاحب کو اسی رات نکلنا پڑا، واپسی میں راستے میں ایک ڈھابے پر رکے، جہاں میرے دادا کا کلام ’بھر دو جھولی ‘ پہلے ہی ریڈیو پر چل رہا تھا۔

جب وہاں کے لوگوں کو پتہ چلا کہ یہ کلام میرے دادا کا ہے اور ابا خود بھی بہت بڑے قوال ہیں تو وہاں موجود لوگوں نے ان سے کچھ سنانے کی فرمائش کی۔

مجدد امجد کے مطابق مرحوم امجد صابری نے مقامی لوگوں کی فرمائش کا خیال رکھتے ہوئے وہی قوالی سنانا شروع کر دی، اتنے میں وہیں موجود چند خطرناک ڈاکو بھی ان کی جانب متوجہ ہوئے جنہوں نے امجد صابری کو سلام کیا اور پھر واپسی میں انہیں پروٹوکل دیتے ہوئے جھانسی کے غیر محفوظ علاقوں سے نکالتے ہوئے محفوظ علاقے میں چھوڑ کر چلے گئے کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ کہاں کہاں ڈاکو گھات لگا کر بیٹھے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں 16 رمضان 22 جون 2016ء کو 4 بجے کے قریب قوال امجد صابری پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی۔

حملے میں امجد صابری کے سر پر گولیاں لگنے سے ان کی موت واقع ہوئی تھی۔

محبتیں بانٹنے والے خوبصورت انسان اور بہترین گائیک امجد صابری کو کراچی میں دہشت گردوں نے ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا تھا، امجد صابری کے 5 بچے، 3 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید