• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

'سوڈھی' کے لاپتہ ہونے کے بعد قرض اور گھر واپسی سے متعلق نئے انکشافات

نیت میری اچھی ہے اور اُدھار لے کر ابھی تک میں کریڈٹ کارڈ اور ای ایم آئی کی ادائیگی کیے جا رہا ہوں، بھارتی اداکار - فوٹو: فائل
نیت میری اچھی ہے اور اُدھار لے کر ابھی تک میں کریڈٹ کارڈ اور ای ایم آئی کی ادائیگی کیے جا رہا ہوں، بھارتی اداکار - فوٹو: فائل

بھارتی ٹیلی ویژن اداکار گروچرن سنگھ نے اپنے خودساختہ لاپتہ ہونے اور واپسی سے متعلق بڑے انکشافات کردیے۔ 

مشہور سٹکام تارک مہتا کا الٹا چشمہ میں سوڈھی کا کردار نبھانے والے گروچرن سنگھ رواں برس اپریل میں لاپتہ ہو گئے تھے، جس سے ان کے ساتھی اداکار، خاندان اور مداح پریشانی میں مبتلا ہوگئے تھے۔

تقریباً ایک ماہ بعد اداکار نے اپنے گھر واپسی کی، لیکن اُس وقت سے اب تک انہوں نے اس معاملے پر صرف اتنا کہا تھا کہ وہ مذہبی مقامات پر چلے گئے تھے اور اس دوران انکا اپنے گھر والوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا تھا۔ 

تاہم اپنے تازہ انٹرویو کے دوران گروچرن سنگھ نے اپنی گمشدگی، اس کے پیچھے اسباب اور اپنی موجودہ حالت کے بارے میں بات کی۔

'مجھ پر اب بھی قرض ہے'

گروچرن نے وضاحت کی کہ وہ ایک روحانی سفر پر نکلے تھے۔ انہوں نے کہا کہ "میں قرض کی وجہ سے یا قرض ادا نہ کر پانے کی وجہ سے لاپتہ نہیں ہوا تھا۔ قرض تو مجھ پر آج بھی ہے۔ نیت میری اچھی ہے اور اُدھار لے کر ابھی تک میں کریڈٹ کارڈ اور ای ایم آئی کی ادائیگی کیے جا رہا ہوں۔"

کام کی اپیل

اداکار نے مزید کہا کہ "میں انڈسٹری کے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے کام کی ضرورت ہے، میں کام کرنے کےلیے دستیاب ہوں، میں دل سے کام کرنا چاہتا ہوں کیونکہ مجھے کام کرنے میں مزہ آتا ہے۔ میں اپنے مداحوں کےلیے بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں۔

گروچرن سنگھ کا کہنا تھا کہ "مجھے احساس ہوا کہ مجھے کچھ ایسا کرنا چاہیے جس سے مداحوں کو فائدہ ہو۔ میں لیکچر نہیں دینا چاہتا یا انہیں کچھ سکھانا نہیں چاہتا لیکن میں حقیقی زندگی کے تجربات شیئر کرنا چاہتا ہوں جس سے انہیں فائدہ ہو۔ اگر میں ایک یا دو لوگوں کےلیے فائدہ مند بن جاؤں تو یہ اچھا ہوگا۔"

گھر واپسی کا سبب

انٹرویو کے دوران جب گروچرن سنگھ سے ان کے گھر واپس آنے کے فیصلے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے فیصلے بہتر بنانے کےلیے روحانی طاقتوں سے رہنمائی لیتے ہیں۔ 

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں کچھ راتیں گوردواروں میں گزارنے کا موقع ملا اور جب وہ امرتسر میں گولڈن ٹیمپل میں تھے، تو اس موقع پر روحانی طاقت کی مداخلت کا تجربہ ہوا جس نے انہیں گھر واپس آنے کا فیصلہ کرنے میں مدد کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید