• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رؤف حسن کی رہائی کیلئے قانونی جنگ لڑیں گے، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، رؤف حسن کی رہائی کیلئے قانونی جنگ لڑیں گے، ہر چیز بروئے کار لائی جائے گی۔

کے پی ہاؤس اسلام آباد میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر  نے کہا کہ اس چھاپے کا ہدف ہمارے ایم این ایز کے پارٹی وابستگی کے حلف نامے تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا یہ سب کچھ ایک پارٹی کو کمزور کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے، ہمیں ٹارگیٹ کیا جا رہا ہے، آپ سرچ وارنٹ کے ساتھ آتے تو ہم آپ کے ساتھ تعاون کرتے، یہ کسی بھی کیس کی انکوائری کیلئے نہیں آئے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے ایم این ایز، کے پی اور پنجاب کے ایم پی ایز کے بیان حلفی موجود تھے، پولیس نے وہ تمام بیان حلفی اپنی تحویل میں لے لیے، اس وقت تک ہمارے 10 افراد گرفتار ہیں،

انہوں نے کہا کہ رؤف حسن کی طبیعت ناساز تھی اس لیے میں ان کے ساتھ موجود تھا، پولیس نے کہا آپ کے اوپر کوئی مقدمہ نہیں آپ جا سکتے ہیں، حکومت جو بھی آپریشن کرنا چاہتی ہے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے، ہمیں آپریشن عزم استحکام پر  تا حال کوئی بریفنگ نہیں ملی۔

پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ جس وقت لندن پلان پر عمل شروع ہوا پاکستان کی شرح نمو 6 فیصد تھی، شرح نمو 6 فیصد ہونے کی تصدیق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت نے کی تھی۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ انہیں سپریم کورٹ کا فیصلہ ہضم نہیں ہورہا، ڈیجیٹل دہشتگردی کا بیانیہ بنایا جا رہا ہے، بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا کے بارڈر پر اسمگلنگ کون کروا رہا ہے؟ کیا بارڈر پر پٹواری ہیں جو اسمگلنگ کروا رہے ہیں؟ جن ملکوں کی مثالیں دی گئیں وہاں ڈکٹیٹر شپ تھی۔

قومی خبریں سے مزید